گڑگاؤں، 29؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مقبول پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا 15؍اکتوبر کو ہریانہ کے گڑگاؤں میں ہونے والا کنسرٹ اڑ ی حملے کے پیش نظر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ضلع انتظامیہ نے کنسرٹ کی ٹیم کانسپٹ انٹر ٹینمنٹ کو پروگرام کو منسوخ کرنے کا مشورہ دیا تھا جبکہ منتظمین نے کہا کہ اڑی حملے کے بعد ہم نے پہلے ہی موسیقی کے پروگرام کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔گڑگاؤں کے ڈپٹی کمشنر ٹی ایل ستیہ پرکاش نے ایک بیان میں کہاکہ مسلح افواج اور سرحد پر تعینات فوجیوں کے جذبات پر غور کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے منتظمین کو عاطف اسلم کا کنسرٹ ملتوی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔یہ بیان اکھل بھارت ہندو کرانتی دل (اے بی ایچ کے ڈی )کے گڑگاؤں ضلع انتظامیہ کو شہر میں کنسرٹ کی اجازت نہ دینے کا مشورہ دینے کے گھنٹوں بعد آیاہے ۔اے بی ایچ کے ڈی نے بدھ کو ستیہ پرکاش کو ایک میمورنڈم سونپ کر گڑگاؤں میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے 15؍اکتوبر کو ہونے والے عاطف اسلم کے کنسرٹ کو دی گئی اجازت واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا ۔اے بی ایچ کے ڈ ی کے قومی جنرل سکریٹری راجیو متل نے کہا کہ سرحد پر فوجی پاکستان اسپانسرڈ دہشت گردی کا شکار بن رہے ہیں جبکہ گڑگاؤں انتظامیہ مالی فائدے کے لیے اسی ملک سے مہمانوں کو مدعو کر رہا ہے۔